۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا کلب جواد نقوی

حوزہ/مولانا کلب جواد نقوی نے کہا کہ 'علامتی قربانی‘ کا تصور اسلام میں نہیں ہے،قربانی اسلامی طریقے پر ہی ادا ہو سکتی ہے،ریاستی حکومتیں اپنی گائیڈ لائن پر از سرنو غورکریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری،امام جمعہ لکھنؤ مولانا سید کلب جواد نقوی نے عیدالاضحٰی کے موقع پر عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر تمام مسلمان اپنی دیرینہ روایت کے مطابق امن و امان کے ساتھ حکومت کے شرائط و ضوابط پرعمل کرتے ہوئے قربانی کافریضہ انجام دیں۔

مولانا موصوف نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا مشکل ترین دور سے گذررہی ہے۔ہمارا ملک ہندوستان بھی اس خطرناک وائرس کی زد میں ہے اور روز بروز کورونا مریضوں کی تعداد میں حیرت کی حد تک اضافہ ہورہاہے لہذا مسلمان حکومتی گائیڈ لائن اور ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل کریں اور ہر ممکن احتیاط کریں تاکہ خود بھی اس مہلک وبا سے محفوظ رہیں اور دوسروں کے لئے بھی خطرہ ثابت نہ ہوں۔     

مولانا نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امسال جانور نہ ملنے کی یا کسی دوسری وجہ سے قربانی ممکن نہ ہو تو حصول ثواب کی غرض سے غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں ۔یہ قربانی کا بدل تو نہیں ہوسکتا مگر اس وبائی دور میں اللہ کی خوشنودی کے حصول کا بہترین ذریعہ قرار پائے گا۔

مزید کہا کہ قربانی کے لئے حکومت کی طرف سےجو گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے اس پر عمل کیاجائے ۔قربانی سنت مؤکدہ ہے اور جان کا تحفظ واجب ہے ۔کیونکہ بد احتیاطی کی صورت میں ہم خود بیمار نہیں ہوتے ہیں بلکہ دوسروں کی جانوں کے لئے بھی خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔

امام جمعہ لکھنؤ نے کہا کہ مسجدوں میں جاکر جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے سے پرہیز کیا جائے اور گھروں میں فرادیٰ نماز پڑھی جائے۔

آخر میں کہا کہ جن ریاستوں میں حکومت کی طرف سے یہ اعلان کیا گیاہے کہ مسلمان ’ علامتی قربانی‘ کریں ،سراسر غلط ہےکیونکہ اسلام میں’ علامتی عبادت ‘کا تصور نہیں ہے ۔علامتی قربانی نہیں ہوسکتی ،جو طریقہ اسلام نے عباد ت کا بتلایاہے اسی کے مطابق عبادت انجام دی جاسکتی ہے ۔ اس لئےجن ریاستوں میں ایسے اعلانات کئے گئے ہیں ان پر ریاستی حکومتیں از سرنو غور کریں اور قربانی کے فریضے کی انجام دہی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے۔

نوٹ: نماز عیدالاضحیٰ یکم اگست کو ۱۱ بجے دن میں آن لائن منعقد ہوگی ۔مومنین فرادیٰ کی نیت سے ساتھ میں نماز ادا کرسکتے ہیں۔نماز مولانا کلب جواد نقوی پڑھائیں گےجسے مجلس علماء ہند کے فیس بک پیج اوریوٹیوب چینل پر ’حسینی چینل ‘ کے ذریعہ نشر کیاجائے گا۔ 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .